انٹرنیشنل

ایران کے گڑ گڑانے پر جنگ بندی ہوئی: امریکی وزیر جنگ کا دعویٰ

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے گڑ گڑانے پر جنگ بندی کا اعلان کیا؟ اس حوالے سے امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے دعویٰ کیا ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخ رقم کردی ہے اور امریکا نے ایک فیصلہ کن آپریشن کے ذریعے ایران کو شکست دی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ امریکا نے اپنی فوجی طاقت کا صرف 10 فیصد استعمال کیا اور ایران کی اسلحہ ساز فیکٹریوں، فضائیہ اور نیوی کو مٹی میں ملادیا۔ہیگسیتھ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے ایک بھی میزائل فائر کیا تو امریکی طیارے دوبارہ کارروائی کے لیے تیار ہوں گے جبکہ انہوں نے اس جنگ بندی کو صدر ٹرمپ کی طاقت کے ذریعے امن کی پالیسی کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

امریکی وزیر جنگ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر زخمی ہیں اور ایران مزید امریکی حملوں کی تاب نہ لاتے ہوئے جنگ بندی پر مجبور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اب امن کا حقیقی موقع موجود ہے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے جس کی نگرانی امریکی بحریہ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے سینکڑوں میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کیے گئے جبکہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ان کے مطابق ایران کی دفاعی، عسکری اور انٹیلیجنس قیادت کو بھی ختم کردیا گیا۔

دوسری جانب جنرل ڈین کین نے کہا کہ 38 روزہ آپریشن میں امریکا نے شاندار کامیابی حاصل کی اور اس موقع پر امریکی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ جنگ کے دوران 13 امریکی فوجیوں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جبکہ 520 اہلکار ایرانی حملوں میں زخمی ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر امریکی صدور صرف باتیں کرتے رہے جبکہ ٹرمپ نے عملی اقدامات کیے، اور ایران نے ایک سخت سبق سیکھ لیا ہے کہ امریکا سے ٹکر لینے کا کیا انجام ہوتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button