بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کی شامت آگئی
وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر ڈرائیونگ لائسنس چیک کرنے کا فیصلہ کیا گیا 'لائسنس نہ ہونے پر اسلام آباد میں گاڑی داخل یا چلانے کی اجازت نہیں ہوگی
اسلام آباد(کھوج نیوز) بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کی شامت آگئی’ اسلام آباد میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس اسلام آباد کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر ڈرائیونگ لائسنس چیک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور لائسنس نہ ہونے پر اسلام آباد میں گاڑی داخل یا چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولیس کے مطابق لائسنس نہ ہونے پر نجی یا سرکاری گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف کارروائی ہوگی اور اس حوالے سے چیف پولیس آفیسر سیف سٹی پولیس سمیت تعلیمی اداروں کو بھی خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ لائسنس چیکنگ کیلئے چوک چوراہوں پر اہلکاربھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایس ایس پی سرفراز ورک نے ٹریفک زون انچارج افسران کو اس حوالے سے عملدرآمد کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔