آئندہ سالوں میں کون کون سے ادارے فروخت ہوں گے؟وفاقی وزیرنجکاری نےکھل کربتا دیا
وزیرنجکاری کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نئے طویل مدتی بیل آؤٹ پروگرام کے لیے حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے
اسلام آباد(کھوج نیوز) وفاقی وزیرنجکاری عبدالعلیم خان نےکہا ہے کہ حکومت آئندہ برسوں میں 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کرنا چاہتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ آئندہ سالوں کے دوران جن اداروں کی نجکاری ہو سکتی ہے ان میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)اور امریکہ میں اس کا ملکیتی روزویلٹ ہوٹل، فرسٹ ویمن بینک، یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن اور بجلی کی مختلف تقسیم کار کمپنیاں شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق وزیر نجکاری کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نئے طویل مدتی بیل آؤٹ پروگرام کے لیے حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔اس نئے بیل آؤٹ پروگرام کے لیے مذاکرات رواں سال اپریل میں 3ارب ڈالر کے قلیل مدتی پروگرام کی تکمیل کے بعد شروع ہوئے، جس کے سبب پاکستان گزشتہ سال دیوالیہ ہونے سے بچا۔