پاکستان

آئی ایم ایف سے پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول

آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط اسٹیٹ بینک میں منتقل کر دی ہے: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)سے پاکستان کو قرض پروگرام کے تحت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رقوم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط اسٹیٹ بینک میں منتقل کر دی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ملنے ہیں، آئی ایم ایف کا پروگرام 9 ماہ کا ہے اور 3 ارب ڈالر پاکستان کو ملیں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ ہمارے کل زرمبادلہ کے ذخائر 13 اور 14 ارب ڈالر کے درمیان ہوں گے، رواں ہفتے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اپنی رپورٹ جاری کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کے بقیہ ایک ارب 80 کروڑ ڈالر 2 جائزہ رپورٹس کے بعد پاکستان کو مل جائیں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں وزیراعظم شہباز شریف کا کردار اہم رہا ہے، ان کے علاوہ حکومتی معاشی ٹیم نے بھی مشکل اور کٹھن سفر میں بھرپور ساتھ دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button