پاکستان

آئی جی ریلوے ان ایکشن، محکمہ میں چھپی کالی بھیڑوں اور قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈائون شروع

قبضہ مافیا کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری 'خصوصی مہم کے دوران اربوں کی سرکاری زمین واگزار کروائی گئی : رائو سردار علی خان کی ''کھوج نیوز '' سے خصوصی گفتگو

لاہور(فیض احمد) آئی جی پاکستان ریلوے پولیس را ؤسردار علی خان نے کہا ہے کہ محکمہ میں کالی بھیڑوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ کرپشن سمیت دیگر شکایات پر بعض انسپکٹروں اور دیگر عملہ کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا ہے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ قبضہ مافیا کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے اور خصوصی مہم کے دوران اربوں روپے کی سرکاری زمین واگزار کروائی گئی ہے’ نفری کم ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم اس کے باوجود ٹرینوں، ریلوے ٹریک اور ریلوے تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پولیس اہلکاروں کو دہشت گردی سے نمٹنے سمیت دیگر تربیتی کورس کروائے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی ریلوے پولیس رائو دسردار علی خان نے ” کھوج نیوز” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں چلنے والی ٹرینوں کے اندر سکیورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنایا گیا اور ریلوے ٹریک سمیت ریلوے تنصیبات کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے، جس کے لئے تمام وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔ حساس مقامات پر چلنے والی ٹرینوں کی سکیورٹی فل پروف کی گئی ہے۔ دوران سفر ریلوے مسافروں کے جان و مال کی حفاظت کرنا اولین ترجیح ہے۔ دوران سفر ٹرین میں مسافر سے بدتمیزی کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا ہے۔ اسی طرح بعض ایس ایچ اوز کے خلاف بھی شکایات سامنے آنے پر انہیں معطل کر کے ان کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ محکمہ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرینوں میں مسافروں سے رشوت طلب کرنے یا بدتمیزی کی کوئی شکایت سامنے آئے تو متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہیں نے کہا کہ کم نفری اور کم وسائل ہونے کے باوجود ملک بھر میں چلنے والی ٹرینوں، ریلوے اسٹیشنز ‘ ریلوے ٹریک اور دیگر تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریلوے پولیس کی قبضہ مافیا کے خلاف بھی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کا اثر و رسوخ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن سمیت ملک کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنز پر سکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لئے جدید ترین سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ ریلوے پولیس کے تمام ایس پیز کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی اپنی ڈویژن میں ریلوے اسٹیشنز کی سکیورٹی کو خود مانیٹر کریں گے اور سکیورٹی کے معاملہ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button