پاکستان

آرمی چیف نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنیوالوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے: آرمی چیف

اسلام آباد(کھوج نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کیونکہ سوشل میڈیا پر افراتفری اور مایوسی پھیلائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے معماروں اور اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہو کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں، پاکستان کو بنانے کا مقصد یہ تھا کہ ہمارا مذہب، تہذیب و تمدن ہر لحاظ سے ہندوں سے مختلف ہے نہ کہ ہم مغربی تہذیب و تمدن کو اپنا لیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے وطن، قوم، ثقافت و تہذیب و تمدن اور اپنے آپ پر بے پناہ اعتماد ہونا چاہیے، پاکستان کے نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ وہ ایک عظیم وطن اور قوم کے سپوت ہیں، ہمارے ملک کے نوجوان اس قوم و ملک کی روشن روایات، اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے، سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے، سوشل میڈیا پر پروپیگینڈے کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے۔

آرمی چیف نے زور دیا کہ تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے ، اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتے ہیں کہ؛ اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اس کی تحقیق کرلو ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے دونوں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئی ، اللہ تعالی نے پاکستان کو بے پناہ معدنی وسائل، زراعت اور نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے، ہماری افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کے خلاف ہمہ دم تیار ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں ہیں، پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔ طلبا نے خطاب کے دوران پاکستان آرمی زندہ باد ، پاکستان زندہ باد اور قائد اعظم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button