انتخابی نشان کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے جہانگیر ترین کو لال جھنڈی دکھا دی
استحکام پاکستان پارٹی کی شاہین کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواست مسترد ،الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کو چڑیا کا انتخابی نشان تجویز کردیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی کے لئے انتخابی نشان کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے جہانگیر ترین کو لال جھنڈی دکھاتے ہوئے ان کا ”شاہین” کا نشان مسترد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کو آئندہ عام انتخابات کیلئے انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواستوں پر سماعت ہوئی ،الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی زیرصدارت چاررکنی بنچ نے سماعت کی ،الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کیلئے 23سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کر دیئے۔ الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی اور آل پاکستان مسلم لیگ کی درخواست پر فیصلہ روک دیا،الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کو چڑیا کا انتخابی نشان تجویز کردیا،الیکشن کمیشن نے کہاکہ استحکام پاکستان پارٹی نے شاہین کا نشان مانگا جو پہلے سے اے پی ایم ایل کے پاس ہے، الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کو شاہین کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ استحکام پاکستان پارٹی کی تاحال رجسٹریشن زیرالتوا ہے،استحکام پاکستان پارٹی متعلقہ دستاویزات فراہم کرے۔