ایس آئی ایف سی اجلاس،علی امین گنڈاپور کی شرکت کیسے ممکن ہوئی؟
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعظم شہبازشریف سے درخواست کی تھی کہ انھیں اجلاس میں شرکت کے لئے بلایا جائے پھر انھوں نے بہت سی یقین دہانیوں کے بعد ایس آئی ایف سی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی
اسلام آباد(کھوج نیوز)ایس آئی ایف سی اجلاس،علی امین گنڈاپور کی شرکت کیسے ممکن ہوئی؟ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعظم شہبازشریف سے درخواست کی تھی کہ انھیں اجلاس میں شرکت کے لئے بلایا جائے پھر انھوں نے بہت سی یقین دہانیوں کے بعد ایس آئی ایف سی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ وزیرِ اعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ایس آئی ایف سی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے جس میں وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی موجود ہیں۔ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری بھی اجلاس میں موجود ہیں۔ ایس آئی ایف سی کے اجلاس میں چیف سیکریٹریز نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مشیر خزانہ خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے علی امین گنڈاپور کو ایس آئی ایف سی میں شرکت کی دعوت کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور آج ہونے والے اجلاس میں شرکت کر کے صوبے کی نمائندگی کریں گے، کے پی کی نمائندگی کے بغیر ایس آئی ایف سی کا اجلاس نامکمل اور بےنتیجہ ہوتا۔