پاکستان

بلوچستان میں انتخابات سے ایک روز قبل 2دھماکے، 29افراد جاں بحق متعدد زخمی

ضلع پشین میں ہونے والے دھماکے میں 17 افراد جبکہ قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے دھماکے میں 12 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں

بلوچستان(کھوج نیوز) پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں عام انتخابات سے ایک روز قبل 2 دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں 29 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 40 سے زیادہ زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پشین میں ہونے والے دھماکے میں 17 افراد جاں بحق اور 30 سے زیادہ زخمی ہوئے جبکہ قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ بلوچستان میں ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں حلقہ پی بی 47 سے امیدوار صوبائی اسمبلی اسفند یار کاکڑ کے انتخابی دفتر کے باہر دھماکا ہوا ہے۔ پولیس نے خانوزئی میں ہونے والے دھماکے میں 12 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام ف کے دفتر کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔ تاحال دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی۔ نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی کے مطابق جے یو آئی کے رہنما مولانا واسع دھماکے میں محفوظ رہے۔ پولیس نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر ہوا ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ دھماکا سابق وزیر اسفند یار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا ہے لیکن وہ دفتر میں موجود نہیں تھے۔ دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ سابق وزیر اسفند یار خٹک عام انتخابات میں آزاد حیثیت میں حصہ لے رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button