ججز کے خط پر چیف جسٹس کا از خود نوٹس، بڑا حکمنامہ جاری کر دیا
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چھ ججز کے الزامات پر مبنی خط کا نوٹس لیتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے مقرر کردیا جس کے لیے سات رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا
اسلام آباد(کھوج نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز کے آئی ایس آئی پر الزامات پر چیف جسٹس آف پاکستان نے از خود نوٹس لیتے ہوئے معاملہ سماعت کیلئے مقرر کر دیا اور بڑا حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے چھ ججز کے الزامات پر مبنی خط کا نوٹس لیتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے مقرر کردیا جس کے لیے سات رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔ بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس منصور علی شاہ، یحیی خان آفریدی، جمال خان مندوخیل اور دیگر شامل ہیں جب کہ چیف جسٹس بینچ کے سربراہ ہیں۔ سات رکنی لارجر بینچ بدھ کو ساڑھے گیارہ بجے معاملے کی سماعت کرے گا۔ ذرائع کے مطابق ازخود نوٹس لینے کیلئے معاملہ تین رکنی کمیٹی کے سامنے زیر غور آیا۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے ازخود نوٹس لینے کی منظوری دی۔