پاکستان

سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود کو سزا ملنے کے بعد پی ٹی آئی نے بڑا قدم اٹھا لیا

بانی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی سزاؤں کو مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اعلی عدلیہ سے رجوع کرنیکا اعلان کیا گیاہے

اسلام آباد( کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا ملنے کے بعد بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں بانی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی سزاؤں کو مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اعلی عدلیہ سے رجوع کرنیکا اعلان کیا گیا۔ تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے ایک بیان میں کہا کہ بانی چیئرمین اور وائس چیئرمین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، قانون وانصاف کی بنیادوں سے محروم فیصلہ عدل کے کسی میزان پر ٹھہر نہیں پائیگا، بانی چیئرمین کی ہدایات اور تعلیمات کی روشنی میں پرامن رہیں گے، ہر ناانصافی کا بدلہ ووٹ سے لیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جج صاحب نے اپنی طرف سے سوالات کیے، ہم ان سے کیا توقعات رکھیں، آئین اور قانونی طریقہ کار سے ہٹ کر کیسز کو چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کارکنان اورپی ٹی آئی سے لگا رکھنے والے تحمل کا مظاہرہ کریں، ہمیں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ پر اعتماد ہے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ فیصلے پر کارکنان مشتعل نہ ہوں،کوئی قانون ہاتھ میں نہ لیں، ہماری توجہ الیکشن سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن 8 فروری کو سب کا محاسبہ ہوگا۔ رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفرکا کہنا ہے کہ ٹرائل ہوا ہی نہیں تو سزا کیسے ہوسکتی ہے؟ یہ ٹرائل نہیں عدالتی نظام کے ساتھ فراڈ تھا، مس ٹرائل کیا گیا، شروعات ٹھیک تھیں لیکن چار پانچ دن سے جج صاحب نے سب کچھ بدل دیا۔

بیرسٹر علی ظفر کے مطابق جج نے اپنی مرضی سے کیس چلایا، جیسے گھر میں بیٹھ کر فیصلہ کردیا گیا ہو، آرٹیکل ٹین اے اور ٹرائل کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی اور انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو ہٹا کر ایڈووکیٹ جنرل آفس کے تجویز کردہ وکلا کو رکھا گیا، پراسیکیوشن ٹیم میں شامل وکلا کو بغیر اجازت رکھا گیا، یہ ممکن ہی نہیں تھا کہ نوجوان وکلا ایک دن میں فائل پڑھ کر جرح کرتے، انہوں نے چھوٹی موٹی جرح کی، اس دوران بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو باہر رکھا گیا۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ سائفرکیس میں فیصلہ روکنے کی درخواست پر سماعت سے پہلے ہی فیصلہ آگیا، معاملے پرکل ہائی کورٹ جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button