سال 2023′ کون کون سے سیاستدان اینٹی کرپشن کی لپیٹ میں آئے؟ رپورٹ آگئی
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 2 سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، سابق گورنر پنجاب سمیت 55 سے زائد ارکان اسمبلی کیخلاف مقدمات درج ہوئے
لاہور(رپورٹ: فیض احمد) سال 2023ء کئی سیاستدانوں کے لئے اچھا ثابت نہ ہوا۔اور ان کے لئے تلخ یادیں چھوڑ گیا۔محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 2 سابق وزیر اعلی پنجاب، سابق گورنر پنجاب ، متعدد سابق وفاقی اور صوبائی وزراء سمیت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے 55 سے زائد ارکان اسمبلی کے خلاف مبینہ طور پر ترقیاتی کاموں میں رشوت لینے، من پسند افراد کو ٹھیکے دلانے ،ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے ،سرکاری اراضی پر قبضے کرنے سمیت مختلف نوعیت کے الزامات کے تحت انکوائریاں جاری ہیں اور بعض سابق ارکان اسمبلی کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ جس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، ان کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی ‘ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور بعض ارکان کو گرفتار کیا گیا ۔
واضح رہے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سابق وزرا اعلی،سابق گورنر سمیت بڑی تعداد میں ارکان اسمبلی کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب میں انکوائریاں چل رہی ہیں اور کئی کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق اس وقت اینٹی کرپشن پنجاب میں سابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف ڈیرہ غازی خان میں سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج ہے اور ان کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں اسی طرح کرپشن کے الزام میں سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب میں ایک سے زائد مقدمات درج کئے گئے ۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے خلاف جعلی فیملی رجسٹریشن بنا کر غیر قانونی طور پر وراثت کا انتقال کرانے کا الزام ہے ۔ اسی طرح سابق وفاقی وزیر زرتاج گل ،غلام سرور،عامر محمود کیانی، عامر ڈوگر، سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال،ڈاکٹر یاسمین راشد، حافظ ممتاز احمد، حسنین بہادر دریشک، ہاشم جواں بخت،یاور عباس بخاری،واثق قیوم، انصر مجید نیازی، خیال احمد کاسترو، افتخار گوندل، عامر عنایت، غضنفر عباس چھینہ، میاں وارث عزیز، عادل پرویز گجر،شکیل شاہد،عمر فاروق، ملک احسان اللہ ٹوانہ، نعیم ابراہیم، ملک مظفر،ظاہر اقبال،فیصل نیازی، غلام بی بی بھروانہ، فیض اللہ، پیر احمد شاہ گھگہ، محمد لطیف نذر،ملک عمر۔فاروق، جاوید اقبال وڑائچ، عامر نواز چانڈیا، عبدالحی دستی، سمیع اللہ چوہدری، ڈاکٹر محمد افضل،محمد غنی عباسی، فاروق اعظم، چوہدری ظہیر الدین، علی افضل شاہی، عثمان ڈار ،عمر ڈار ،عمر تنویر بٹ سمیت دیگر سابق ارکان اسمبلی کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب میں کرپشن کے مختلف الزامات کے تحت انکوائریاں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے مزید سابق ارکان اسمبلی کے خلاف سورس رپورٹ پر چھان بین کی جارہی ہیں کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں کیا غیر قانونی کام کئے ۔ریکارڈ کی چھان بین کرکے سابق ارکان اسمبلی کو طلبی کے نوٹس ارسال کرکے ان کے خلاف باقاعدہ انکوائریاں شروع کی گئیں ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ارکان اسمبلی کے ساتھ ان کے دور حکومت میں تعینات رہنے والے بعض سرکاری افسروں کے خلاف بھی انکوائریاں کی جارہی ہیں۔واضع رہے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں سیاستدانوں کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب میں کرپشن کے مختلف الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے اورکئی سابق ارکان اسمبلی کے خلاف انکوائریاں چل رہی ہیں ۔