سال 2024ء میں سرکاری تعطیلات کتنی ہوں گی؟ اعدادو شمار سامنے آگئے
2024ء میں کل39 تعطیلات ہوں گی جس میں سے 16 عام تعطیلات جب کہ 23 اختیاری چھٹیاں ہوں گی: کابینہ ڈویژن کا نوٹیفکیشن
اسلام آباد(کھوج نیوز) سال 2024ء میں سرکاری تعطیلات کتنی ہوں گی ؟ اس حوالے سے اعدادو شمار سامنے آگئے ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 2024ء میں کل39 تعطیلات ہوں گی جس میں سے 16 عام تعطیلات جب کہ 23 اختیاری چھٹیاں ہوں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق5 فروری 2024ء کو یوم کشمیر کی عام تعطیل ہوگی، 23 مارچ 2024ء کو یوم پاکستان کی بھی عام تعطیل ہوگی، یکم مئی2024 ء کو یوم مزدور کی عام تعطیل ہوگی۔ 10 سے 12 اپریل عید الفطر کی 3 چھٹیاں ہوں گی،17 سے 19جون کو عیدالاضحی کی 3 چھٹیاں ہوں گی،16 اور 17 جولائی کو نویں اور دسویں محرم کی چھٹیاں ہوں گی۔ 14 اگست کو یوم آزادی کی عام تعطیل ہوگی، 16 ستمبر کو عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عام تعطیل ہوگی۔
9 نومبرکو یوم اقبال کی چھٹی ہوگی، 25 دسمبر 2024ء کو یوم قائداعظم کی عام تعطیل ہوگی۔26 دسمبر 2024ء کو مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کی عام تعطیل ہوگی۔ سال 2024ء میں یکم جنوری،11 مارچ، اور یکم جولائی کو بینکوں کی چھٹی ہوگی۔ مسلم حکومتی ملازمین کو ایک سال میں ایک سے زیادہ آپشنل چھٹی نہیں ملے گی جب کہ غیر مسلم حکومتی ملازمین کو سال میں 3 سے زائد آپشنل چھٹیاں نہیں ملیں گی۔ سال 2024ء کے لیے اسلامی چھٹیاں متوقع تاریخ کے حساب سے طے کی گئی ہیں، چاند کی رویت کے حساب سے چھٹیوں کا الگ نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا۔