پاکستان

 ’سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال‘،مریم نوازکی ہدایت پر  پراجیکٹ کا آغاز

مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے بھر کی سڑکوں کی حالت پر تفصیلی گفتگو کی گئی

لاہور(کھوج نیوز) زیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ’سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال‘ پراجیکٹ کا آغاز کر دیاگیا۔ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے بھر کی سڑکوں کی حالت پر تفصیلی گفتگو کی گئی، اس موقع پر سیکریٹری سی ایند ڈبلیو نے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چھوٹی بڑی رابطہ سڑکوں کی تعمیرومرمت وبحالی کے لیے ڈیڈ لائن دیدی اور ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کے لیے سڑکوں پر الیکٹرک کانٹا نصب کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سڑکوں کے زیرتکمیل منصوبے مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے پنجاب بھر کے پلوں کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔ مریم نواز شریف نے احکامات دیے کہ سڑکوں پر تعمیر پلوں کی تعمیر و بحالی کے لیے سروے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں 6 ماہ کے دوران پنجاب کی 153 سے زیادہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 5 اہم رابطہ سڑکوں کو ایکسپریس وے بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملتان، وہاڑی روڈز سمیت دیگر سڑکیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنائی جائیں گی۔

اجلاس سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہاکہ پنجاب بھر میں کوئی بھی سڑک ٹوٹی پھوٹی نہ رہے، سڑکوں کی تعمیر و بحالی جلد مکمل کرائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی رابطہ سڑکوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ سڑکوں کی تعمیر وبحالی جلد چاہتے ہیں لیکن معیار پر قطعاً سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پنجاب میں روڈ رائٹ ایپ کے ذریعے 7948 کلومیٹر روڈز سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ 2 ہزار کلومیٹر سڑکوں کا سروے پروفائلو میٹر کے ذریعے کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ خود کارسروے میں 100 مقررہ پیرا میٹر کے ذریعے روڈز کی حالت کا تعین کیا گیا۔ اجلاس میں سابق سینیٹر پرویز رشید، ارکان اسمبلی عظمیٰ بخاری، چیف سیکریٹری، چیئرمین بی اینڈ ڈی، سیکریٹری فنانس اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button