عمران خان اور بشریٰ بی بی کی کونسی درخواستیں منظور ہوئیں؟ بڑی خبر آگئی
اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور کر لی گئیں
راولپنڈی(کھوج نیوز) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی کون سی درخواستیں منظور کیں؟ اس حوالے سے بڑی خبر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور کر لیں اور حکم دیا ہے کہ بشری بی بی کا اینڈو اسکوپی ٹیسٹ نجی اسپتال سے 2 روز میں کروایا جائے، اینڈو اسکوپی ٹیسٹ ڈاکٹر عاصم یونس اور سرکاری ڈاکٹر کی زیر نگرانی کروایا جائے۔ اس کے علاوہ جج ناصر جاوید رانا نے عدالت میں نصب اضافی دیواریں فوری ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب تک دیواریں ہٹائی نہیں جاتیں سماعت آگے نہیں بڑھیگی۔
وکلا صفائی کی جانب سے دوران سماعت میڈیا کو مشکلات سے متعلق درخواست دائر کی گئی جس پر فاضل جج نے میڈیا نمائندگان کو روسٹرم پر بلا لیا، عدالتی حکم پر بانی پی ٹی آئی بھی روسٹرم پر آگئے۔ صحافیوں نے بتایا کہ عدالتی کارروائی سننے میں مشکلات ہیں، جس پر جج ناصر جاوید رانا نے جیل انتظامیہ کو اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔ احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔