عمران خان کے دوست کو سپیکرقومی اسمبلی کے لئے امیدوارنامزد کردیا گیا
سپیکر شپ کیلئے سردار ایازصادق کا انتخاب مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کا ہے
اسلام آباد (کھوج نیوز) قومی اسمبلی کے سابق سپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق جو ماضی میں عمران خان کے ذاتی دوست اور ہم مکتب بھی رہ چکے ہیں ،اتحادی حکومت میں ایک مرتبہ پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قومی اسمبلی کی سپیکر شپ کے امیدواروں میں سرفہرست ہیں ،2002 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کو شکست دیکر قومی اسمبلی پہنچے تھے۔
ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہےکہ سپیکر شپ کیلئے سردار ایازصادق کا انتخاب مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کا ہے، سردار ایاز صادق تحریک انصاف کیلئے بھی ایک قابل قبول سپیکر ہیں جس کا پس منظر عمران خان سے ان کی ذاتی دوست ہونے کے ساتھ ساتھ یہ حوالہ بھی اہم ہے کہ ایاز صادق پہلے تحریک انصاف میں شامل تھے، فروری 1997 میں ہونے والے عام انتخابات میں عمران خان نے لاہور سے قومی اسمبلی کی جس نشست کیلئے امیدوار تھے، اسی حلقے کی صوبائی نشست پر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کیلئے انتخاب لڑا تھا تاہم دونوں ہی اپنی اپنی نشستوں پر شکست کھا گئے، جس کے بعد سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا اور مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔