لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ریٹائرمنٹ کے بعد امریکہ میں پاکستانی سفیر بنیں گے؟
ان کے بعض ملکی اور غیر ملکی دوستوں کی جانب سے انہیں امریکہ میں سفیر بنانے کے لیے کوششیں بھی کی جا رہی ہے: ذرائع کا دعویٰ
اسلام آباد(کھوج نیوز) آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ریٹائرمنٹ کے بعد کیا امریکہ میں پاکستانی سفیر کے طور پر تعینات ہوں گے؟ اس حوالے سے بڑی سچائی سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اپنے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے بعد امریکہ میں پاکستانی سفیر کے طور پر تعینات کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ گذشتہ سال 18 ستمبر کو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی مدت ملازمت ختم ہونے والی تھی تاہم نومبر میں ان کی مدت ملازمت میں توسیع کر دی گئی تھی۔ اس ضمن میں سیکرٹری دفاع کی جانب سے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو سمری بھیجی گئی تھی۔ 14 ستمبر کو سمری منظور کی گئی تھی جس کے مطابق جنرل ندیم انجم تا حکم ثانی اسی عہدے پر کام کریں گے ان کی توسیع کا دورانیہ واضح نہیں کیا گیا تھا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ جنرل ندیم انجم اور ان کے کچھ خیر خواہ چاہتے ہیں کہ انہیں امریکہ میں پاکستان کے نئے سفیر کے طور پر تعینات کر دیا جائے۔ ان کے بعض ملکی اور غیر ملکی دوستوں کی جانب سے انہیں امریکہ میں سفیر بنانے کے لیے کوششیں بھی کی جا رہی ہیں تاہم اس حوالے سے وثوق سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ کوششیں سود مند ثابت ہوں گی یا نہیں کیونکہ اس بات کا فیصلہ موجودہ آرمی چیف نے کرنا ہے۔ آرمی چیف نے ایک اہم فیصلہ یہ کرنا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کون ہوں گے۔ یہ فیصلہ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آئی ایس آئی کو آرمی چیف کے ‘آنکھ اور کان’ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ بظاہر تو آئی ایس آئی چیف وزیر اعظم کے ماتحت ہوتا ہے لیکن فوجی افسر ہونے کے وجہ سے فوج کا اثر زیادہ ہوتا ہے۔ آئی ایس آئی چیف کی کوشش ہوتی ہے کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف دونوں کے ساتھ معاملات کو خوشگوار رکھے۔