پاکستان

مسلم لیگ(ن) کےامیدوارسردارایازصادق نئےاسپیکر منتخب ہوگئے

نواز شریف کی آمد پر چور کے نعرے لگائے جبکہ لیگی اراکین نے شیر شیر کے ساتھ قیدی نمبر 420 کے نعرے بھی لگائے

 اسلام آباد(کھوج نیوز)مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار ایاز صادق نئے اسپیکر منتخب ہوگئے، قومی اسمبلی اجلاس میں پولنگ کے دوران ہنگامہ آرائی جاری رہی، سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ایوانِ میں جوتے لہراتے رہے اور نعرے لگائے۔ کھوج نیوز رپورٹ نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا گیا۔ اسپیکر ڈائس کے دائیں اور بائیں جانب دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے، پولنگ بوتھ میں خصوصی طور پر لائٹ کا انتظام کیا گیا۔ اسپیکر نے عمر ایوب کو پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے کا موقع دیا جبکہ سنی اتحاد کونسل اور آزاد ممبران نے احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے گھیراؤ کیا۔

گیلری میں بیٹھے مہمان سنی اتحاد کونسل کے اراکین سے الجھ پڑے، اسپیکر نے گیلری میں جھگڑا ہونے پر تمام افراد کو باہر نکال  دیا۔ جمشید دستی اور گیلری میں موجود افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جو بھی تھا اس کو باہر پھنک دیا، بدنظمی پھیلانے والے کو باہر نکال دیا۔ اسپیکر کے انتخاب میں علیم خان کو بیلٹ پیپر کے اجراء پر سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے جبکہ عطا تارڑ کے ووٹ ڈالنے پر سنی اتحاد کونسل نے ووٹ چور کے نعرے لگائے۔

نواز شریف کے ایوان میں پہنچنے پر ن لیگی اراکین اسمبلی نے سابق وزیراعظم کے گرد حصار بنا لیا۔ سنی اتحاد کونسل اراکین نے نواز شریف کی آمد پر چور کے نعرے لگائے جبکہ لیگی اراکین نے شیر شیر کے ساتھ قیدی نمبر 420 کے نعرے بھی لگائے۔ ملک کی 16 ویں قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے انتخابی عمل شروع ہوا۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے ن لیگ کے سردار ایاز صادق اور سنی اتحاد کونسل کے ملک محمد عامر ڈوگر کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں ایاز صادق نے کامیابی حاصل کی جس پر ن لیگی ارکان نے شیر شیر کے نعرے لگائے۔

ایوان میں 291 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے جس میں سے ایاز صادق نے 199 اور اور عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے، ایک ووٹ مسترد ہوا۔ جے یو آئی ف اور  بی این پی نے اسپیکر کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا اور محمود خان اچکزئی نے بھی رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ جے یو آئی کے 7، بی این پی اور پی کے میپ کا ایک ایک ووٹ کاسٹ نہیں ہوا۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کچھ دیر بعد نومنتخب اسپیکر سردار ایاز صادق سے حلف لیا، نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عامر ڈوگر سے مصافحہ کیا بعدازاں نواز شریف نے انہیں مبارک باد دی۔ حلف کے بعد راجہ پرویز اشرف نئے اسپیکر سردار ایاز صادق کو نشست سونپ کر روانہ ہوگئے، سردار ایاز صادق نے بطور اسپیکر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button