پاکستان

مودی اورشہبازشریف کی حکومتوں کو لاحق خطرات،سلم صافی نےنشاندہی کردی

پاکستان میں شہبازشریف کی حکومت پیپلز پارٹی کی حمایت کی مرہون منت ہے اور وہ ہمہ وقت پیپلز پارٹی کے ہاتھوں بلیک میل ہو تی رہے گی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سینئر صحافی اور تجزیہ کار سلیم صافی لکھتے ہیں کہ نریندر مودی کی طرح میاں نواز شریف انتخابات سے قبل یہ امید لگائے بیٹھے تھے کہ جیتنا تو انہیں ہی ہے لیکن دو تہائی اکثریت بھی چاہئے۔ اب جب نتائج آئے تو دو تہائی اکثریت تو کیا ملتی سادہ اکثریت بھی نہیں ملی اور انتخابی نتائج کے بعد اپنی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے جب وہ تقریر کر رہے تھے تو ایسے لگ رہے تھے جیسے کہ اپنی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے مودی لگ رہے تھے۔ پاکستان میں حکومت مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی نے بنانی تھی لیکن الیکشن کے بعد جشن پی ٹی آئی والے منا رہے تھے جبکہ ہندوستان میں حکومت مودی بنانے جا رہے ہیں لیکن جشن کانگریس کی قیادت میں انڈیا الائنس والے منارہے ہیں۔ جس طرح پاکستان میں مسلم لیگ (ن) پی ٹی آئی کو طعنہ دے رہی تھی کہ وہ اپنی ہار کا جشن منا رہی ہے اسی طرح بی جے پی کے ترجمان کانگریس والوں کو یہ طعنہ دے رہے ہیں کہ وہ اپنی ہار کا جشن منا رہے ہیں۔

پاکستان میں شہبازشریف کی حکومت پیپلز پارٹی کی حمایت کی مرہون منت ہے اور وہ ہمہ وقت پیپلز پارٹی کے ہاتھوں بلیک میل ہو تی رہے گی جبکہ ہندوستان میں مودی حکومت بنا لیں گے لیکن اب کی بار انہیں بھی شہبازشریف کی طرح علاقائی اتحادی جماعتوں کے ناراض ہونے کا خطرہ ہمہ وقت لاحق رہے گا۔ پاکستان میں اگر پیپلزپارٹی کسی وقت مسلم لیگ نون سے اتحاد توڑ کر پی ٹی آئی سے اتحاد کر لیتی ہے تو کایا پلٹ جائے گی اور وہ دونوں حکومت بنا سکتی ہیں اسی طرح اگر نریندر مودی کے اتحادی کسی وقت ناراض ہو کر کانگریس کی طرف چلے جاتے ہیں تو وہ اپنی حکومت بنا سکتے ہیں۔

نریندر مودی نے اپنے الیکشن میں روایتی گھٹیا طریقے بھی استعمال کئے اور کانگریس پر الزام لگاتے رہے کہ وہ پاکستان کی حامی ہے۔ وہ انتخابی جلسوں میں کہتے رہے کہ پاکستان شہزادے راہول گاندھی کو انڈیا کا وزیر اعظم بنانا چاہتا ہے حالانکہ پاکستان کا الیکشن سے کوئی واسطہ تھا اور نہ وہ کوئی کردار ادا کر سکتا تھا۔ مودی پاکستان کے بارے میں بھی نازیبا الفاظ استعمال کرتے رہے اور یہاں تک کہتے رہے کہ ہم پاکستان کو چوڑیاں پہنا دیں گے لیکن جو نتائج سامنے آئے ہیں، اس کے بعد وہ پاکستان کو چوڑیاں کیا پہنائیں گے خود انکے اپنے پائوں میں بیڑیاں لگ گئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button