پاکستان

نوازشریف کا وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہوگیا: بیرسٹر سیف

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے ہیں، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کیا گیا تو لوگ احتجاج پر مجبور ہوں گے: علی محمد خان

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف کا کہنا ہے نواز شریف اب جاگ جائیں ان کا وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہو چکا ہے’ اب وہ کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سمیت پورے پاکستان میں ہمیں اکثریت ملی، الیکشن سے پہلے اور بعد میں مختلف سیٹوں پر ہماری اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش ہو رہی ہے، جمہوریت کے دشمن تحریک انصاف کی فتح کو شکست میں بدلنے کیلئے بدترین دھاندلی کر رہے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ کر عوامی فیصلے کا احترام کریں، ان کے وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہو چکا، اب جاگ جائیں، نواز شریف تسلیم کر لیں کہ عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے، مسلم لیگ ن کے سنجیدہ رہنما میاں صاحب کو مشورہ دیں کہ بڑے پن کا مظاہرہ کریں، جعلی وزیراعظم بن کر ذلت کا سودا نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے ہاتھ پاں باندھ کر الیکشن میں اتارا گیا،گزشتہ روز نواز شریف کی پریشانی ان کے چہرے سے عیاں تھی، نواز شریف کی بھرائی ہوئی آواز سے ہی ان کی خفت جھلک رہی تھی۔

سابق وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے ہیں، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کیا گیا تو لوگ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ علی محمد خان نے کہا کہ اب سڑکوں پر نہیں پارلیمان میں سیاست اور عوام کے ملک کے مسائل حل کرنے کا وقت ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کو احتجاج کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، ملک کو آگے لیکر جانے کی ضرورت ہے، اسی لیے عوام کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button