پاکستان

نو منتخب آزاد اراکین کی اُڑان، مسلم لیگ نون میں شمولیت کا اعلان

قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے چار آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا

اسلام آباد(کھوج نیوز)نو منتخب آزاد اراکین کی اُڑان، مسلم لیگ نون میں شمولیت کا اعلان، رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے چار آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا جبکہ ن لیگ نے حلقہ این اے 146 کے امیدوار پیر ظہور حسین کی شمولیت کا دعویٰ بھی کیا ہے اور پنجاب اسمبلی کے ایک آزاد امیدوار نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کا سلسلے جاری ہے اور  آزاد امیدواروں کی شمولیت کا آغاز ہوگیا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 سے جیتنے والے آزاد امیدوار بیرسٹر عقیل ، این اے 48 سے راجہ خرم نواز اور این اے 253 سے میاں خان بگٹی نے باضابطہ طور پر ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 189 سے منتخب ہونے والے آزاد امیدوار سردار شمشیر مزاری نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ (ن) نے دعویٰ کیا ہے کہ حلقہ این اے 146 سے منتخب ہونے والے آزاد امیدوار پیر ظہور حسین قریشی بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔

آزاد امیدوار بیرسٹر عقیل نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’میں آپ سب کو مبارک پیش کرتا ہوں، آپ سب نے جس طرح سے محنت کی اور مہم چلائی، اللہ نے  جیت کی صورت میں اس کا صلہ دیا ہے، یہ سیٹ پہلے بھی نواز شریف کی تھی، ابھی بھی نواز شریف کی ہے اور آئندہ بھی نواز شریف کی رہے گی، میں اپنی لیڈر شپ، میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور مریم نواز صاحبہ کو بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔

بیرسٹر عقیل نے کہا کہ یہ سیٹ ٹیکسلا واہ کی عوام کے توسط سے جیتا ہوں، یہ سیٹ اپنی تمام لیڈرشپ کے نام کرتا ہوں۔ اسلام آباد سے این اے48سے نومنتخب ایم این اے راجہ خرم نواز باقاعدہ مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میں مسلم لیگ ن اور استحکام پارٹی کا مشترکہ امیدوار تھا، اب باقاعدہ مسلم لیگ ن میں شامل ہوگیا ہوں اور نئی حکومت کا حصہ ہونگا۔

راجہ خرم نواز نے کہا کہ وہ تمام حلقہ کے ووٹرز سپورٹز کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ علاقے کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ ادھر این اے 253 سے کامیاب آزاد امیدوار میاں خان بگٹی مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ۔ میاں خان بگٹی سبی ڈویژن بلوچستان سے آزاد امیدوار تھے،ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مجھے کامیابی پر نواز شریف اور شہباز شریف نے مبارک باد دی ہے، کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن میں شامل ہوگیا ہوں میں نے انتخابات میں مسلم لیگ کا ٹکٹ بھی مانگا تھا۔ حلقہ این اے ، NA189 سے منتخب ہونے والے آزاد امیدوار سردار شمشیر مزاری نے کہا کہ میں نے اپنے دوستوں سے مشاورت کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ریاست کے وفادار ہیں اور اُسی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی-240 سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار محمد سہیل نے باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا، جس کے بعد مسلم لیگ(ن) کی صوبائی اسمبلی میں ایک نشست کا اضافہ ہوگیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button