نگراں وزیراعظم نے احد چیمہ کو ہٹانے کی منظوری دے دی
وزیراعظم آفس نے ڈی سی اور آئی جی اسلام آباد کو تبدیل کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے افسروں کے نام مانگ لیے
اسلام آباد(کھوج نیوز) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے احد چیمہ کو ہٹانے کی منظوری دے دی ہے، جب کہ آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر کے متبادل افسران کے نام طلب کرلئے ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سابق حکومت میں شامل نگراں کابینہ ارکان کے خلاف درخواست پر فیصلہ دیا تھا، اور کہا تھا کہ احد چیمہ اور فواد حسن فواد کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔ الیکشن کمیشن کے حکم پر نگران وزیراعظم نے احد چیمہ کو ہٹانے کی منظوری دے دی ہے، اور احد چیمہ کو ہٹانے کی ایڈوائس صدر مملکت عارف علوی کو بھجوا دی گئی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام اباد کو ہٹانے کے لیے بھی کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس نے ڈی سی اور آئی جی اسلام آباد کو تبدیل کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے افسروں کے نام مانگ لیے ہیں اور سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر خرم آغا نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے وزیراعظم کی منظوری کے لیے ڈپٹی کمشنراورآئی جی اسلام آباد کیمتبادل ناموں کاپینل بھیجا جائے، ناموں کا پینل آنے پر تعیناتی کے آڈرز ہوں گے۔