پاکستان

وزیراعلیٰ مریم نوازکا پنجاب میں مہنگائی مزید کم کرنےکا اعلان،کسانوں کےلئے 400 ارب کا پیکج بھی تیار

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ گندم خریدنے میں کرپشن کے بازار گرم ہو جایا کرتے تھے، میں نے وہ راستہ بند کر دیا ہے

پھولنگر(کھوج نیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازکا پنجاب میں مہنگائی مزید کم کرنےکا اعلان،کسانوں کےلئے 400 ارب کا پیکج بھی تیار،رپورٹ کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ گندم خریدنے میں کرپشن کے بازار گرم ہو جایا کرتے تھے، میں نے وہ راستہ بند کر دیا ہے۔ پھول نگر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گندم کا کوئی بحران نہیں، چار ماہ میں کسانوں کے لیے چار سو بلین کا پیکج لے کر آرہے ہیں، پنجاب میں مہنگائی کو مزید کم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو یقین دلاتی ہوں کہ جو پیکج لا رہے ہیں تاریخ میں کسان کو اتنا بڑا پیکج نہیں ملا ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ پھول نگر والو! روٹی سستی ہوئی ہے؟ جانتے ہیں یہ کیوں ہوا؟ یہ اچانک نہیں ہوا، نواز شریف کا وعدہ تھا اقتدار میں آکر آسانیاں پیدا کروں گا، مہنگائی جب بڑھ جاتی ہے تو کم کرنا آسان کام نہیں ہوتا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پھول نگر والو! میں آج یہاں پر نئے رورل ہیلتھ سینٹر کا افتتاح کرنے آئی تھی، پورے پنجاب میں تین سو رورل ہیلتھ سینٹرز ہیں، دو ماہ میں تو لوگ صرف وعدے کر رہے ہوتے ہیں، چند ماہ میں پنجاب کے تمام اسپتالوں کو تبدیل کر کے رکھ دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ جہاں ڈاکٹروں کی کمی ہے وہاں ڈاکٹروں کو بھیج رہے ہیں، ہم نے فیلڈ اسپتال بنا کر پنجاب کے تمام دیہی علاقوں میں بھیج دیے ہیں، جہاں نرسز کی کمی ہے وہاں نرسز بھیج رہے ہیں، دو سو کلینکس آن وہیلز سےلوگوں کو دہلیز پر علاج کی سہولت مل رہی ہے، پنجاب میں 590 سڑکیں ٹھیک کرنے اور بنانے کا پروگرام شروع کر دیا ہے، پنجاب کی کوئی سڑک بھی ٹوٹی ہوئی نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ جتنا وقت میرا تعلیم اور صحت پر گزرتا ہے اتنا کسی اور شعبے پر نہیں گزرتا، جب سیاسی بنیاد پر پولیس کی پوسٹنگ ہوگی تو پولیس پرفارم نہیں کرے گی، سیاسی مفاد سے زیادہ پنجاب کے لوگوں کا مفاد زیادہ پیارا ہے، لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے جو ممکن ہوا کروں گی۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل تعلیم شروع کر چکے ہیں، یہاں پر ٹیکنیکل کالج ضرور بنائیں گے، شہباز شریف اور مریم نواز نواز شریف کے سپاہی ہیں، حکومت تو نواز شریف کی ہے، جب بھی ن لیگ کی حکومت آتی ہے تو سازش کر کے ہٹا دیا جاتا ہے، نواز شریف کی حکومت ختم نہیں ہوتی بلکہ ملک سے ترقی ختم ہو جاتی ہے، آج نواز شریف کی چوتھی حکومت میں ترقی کا جو سفر شروع ہوا ہے اس کو رکنے نہ دینا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button