وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپوزیشن لیڈر کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا
میں آپ سے یہی کہنے آئی ہوں کہ آپ سب کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں کیوں کہ میں جتنی حکومتی ارکان کی وزیر اعلیٰ ہوں، اتنی ہی آپ کی بھی ہوں: مریم نواز
لاہور(کھوج نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف خود چل کر اپوزیشن رہنما رانا آفتاب احمد خان کی نشست پر گئیں اور خیر سگالی کے جذبے کا اظہار کیا اور دوستی کا ہاتھ بڑھایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رانا آفتاب احمد سے کہا کہ انتخاب کے دن آپ سے میری ملاقات نہیں ہوسکی حالاں کہ میری خواہش تھی کہ اس دن آپ بھی ایوان میں ہوتے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں آپ سے یہی کہنے آئی ہوں کہ آپ سب کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں کیوں کہ میں جتنی حکومتی ارکان کی وزیر اعلیٰ ہوں، اتنی ہی آپ کی بھی ہوں۔ اپوزیشن رہنماء نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ہمیں کوئی جگہ بتادی جاتی تو ہم پہنچ جاتے۔ اس بات پر مریم نواز نے کہا کہ اس دن لوگوں کو آپ کے پیچھے بھیجا تھا اور میری پوری کوشش تھی کی کہ آپ اس عمل میں شریک ہوں۔