وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایرانی قونصل جنرل کی ملاقات
ایران کے ساتھ باہمی زرعی تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ ثقافتی اور مذہبی طور پر جڑے ہوئے ہیں: مریم نواز شریف
لاہور(کھوج نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور ایرانی قونصل جنرل کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی ایکسپورٹ کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ثقافتی وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا جس کے تحت خیر سگالی کے طور پر 20 مارچ کو نوروز کی مناسبت سے بادشاہی مسجد میں چراغاں کیا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان یوتھ کلچر ایکسچینج پروگرام کے فروغ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ باہمی زرعی تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ ثقافتی اور مذہبی طور پر جڑے ہوئے ہیں۔پاکستان اور ایران کے عوام کا تاریخی رشتہ صدیوں پر محیط ہے، دو طرفہ تعلقات کو بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا پاک ایران تعلقات بڑھانے کا ویژن قابل تعریف ہے۔