وفاقی وزیر سے فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹر کے وفد کی ملاقات ‘ اہم امور پر تبادلہ خیال
نیپرا اہداف اور کارکردگی قابل ستائش ہے، شاندارکارکردگی پر ملازمین کو بونس ملے گا،خرم دستگیرکا میٹنگ میں اعلان
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے، آن لائن)وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں صنعتی،تجارتی اور گھریلو صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے،سوفیصدسے زائد ریکوری اور نیپرا اہداف کے مطابق لاسز کے حوالے سے فیسکو کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔شاندار کارکردگی بونس فیسکو ملازمین کاحق ہے اور ان کو بہت جلد مل جائے گا۔بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کاوشوں سے کمپنی ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔
اسکی کارکردگی دیگر کمپنیوں کیلئے قابل تقلید ہے یہ باتیں انہوں نے فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہیں۔ملاقات میں فیسکو کسٹمر سروسز کمیٹی کے کنوینئرفرخ اقبال،بورڈ آف ڈائریکٹرز فیسکو کے ممبران راجہ امیر حمزہ،نعمان خالد،افتخار انصاری،محمدعلی رانجھا اور حمیر حیات خان روکھڑی شامل تھے۔بورڈ آف ڈائریکٹرزکے ممبران کے مطالبہ پر وزیر توانائی نے یقین دہانی کروائی کہ فیسکو افسران اور ملازمین کو کارکردگی بونس بہت جلد مل جائے گا جبکہ گریڈ ایک تا 16کی پانچ ہزار سے زائد خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری بھی آئندہ ایک ماہ میں دے دی جائے گی۔کیو نکہ عملہ کی کمی کے باعث کمپنی کی کارکردگی پراثرات مرتب ہورہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بورڈ آف ڈائریکٹرزفیسکو کے مطالبہ پر گریڈ 17کے ایس ڈی اوز/جونئیر انجینئرز کی بھرتی کے عمل کو جلد شروع کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔چھ رکنی فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرزکی وزیرموصوف سے ملاقات میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد اور رکن قومی اسمبلی خالد جاوید وڑائچ کی خصوصی کاوشیں شامل تھیں۔بورڈ ممبران نے ان دونوں شخصیات کا شکریہ بھی ادا کیا۔دریں اثناء چھ رکنی فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرزکے وفد نے وفاقی سیکرٹری توانائی راشد لنگڑیال سے بھی ملاقات کی اور اس دوران فیسکو کی کارکردگی کے حوالے سے سیرحاصل گفتگو بھی ہوئی۔ فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی درخواست پر وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر اور وفاقی سیکرٹری توانائی راشد لنگڑیال نے جلد فیسکو ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرنے کا عندیہ بھی دیا۔