پاکستان میں سرمایہ کاری،وزیراعظم شہبازشریف نے چینی صنعتکاروں کو یقین دہانی کروادی
دورہ چین کےدوران شینزن میں پاک چائنا بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم نےدونوں ممالک کےمابین تعلقات کی مضبوطی اورسرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پرزوردیا
شینزن(ویب ڈیسک)پاکستان میں سرمایہ کاری،وزیراعظم شہبازشریف نے چینی صنعتکاروں کو یقین دہانی کروادی۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نےکہا ہےکہ چین کی ترقی سب کےلیےایسی مثال ہےجس کی تقلید کی جانی چاہیے۔ دورہ چین کےدوران شینزن میں پاک چائنا بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم نےدونوں ممالک کےمابین تعلقات کی مضبوطی اورسرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پرزوردیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں آسانی کے لیے بزنس کونسل قائم کی گئی ہے۔ حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کو سہولیات کہ فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری نوجوان افرادی قوت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ قبل دہشت گردی کے ایک افسوس ناک واقعے میں 5 چینی باشندے ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے پر بہت دکھ ہے اور پورا پاکستان اس واقعے پر افسردہ تھا۔ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ چین صرف پاکستان کا اچھا دوست اور ہمسایہ ہی نہیں بلکہ وہ ہر مشکل وقت کا ساتھی ہے۔ خواہ جنگیں ہوں، سیلاب جیسی قدرتی آفات ہوں یا بین الاقوامی فورمز یا دیگر عالمی معاملات، چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے فول پروف سکیورٹی سسٹم یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم چینی شہریوں کو خود سے زیادہ تحفظ فراہم کریں گے۔ یہ ہمارا وعدہ ہے کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ دوبارہ نہیں ہوگا۔
دریں اثنا وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ چینی کمپنی ترانشیئن ہولڈنگز (Transsion Holdings)کے بانی و چیئرمین ژو ژاؤجیانگ (Zhu Zhaojiang) نے شینزن میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چینی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں اپنے موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستان میں 4 شعبوں: موبائل فونز کی تیاری، الیکٹرک بائیکس، جدید زراعت اور فِن ٹیک میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس حوالے سے وفاقی وزرا اور پاکستان کے چین میں سفیر کو ٹرانشیئن ہولڈنگز کے ساتھ مل کر جلد ایک لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر چیئرمین ٹرانشیئن ہولڈنگز نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ کمپنی کا پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کے حوالے سے پہلے سے ایک یونٹ قائم ہے جس میں 5 ہزار کے سے زائد پاکستانیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ کمپنی پاکستان میں موبائل فونز کے حوالے سے اپنی سرمایہ کاری میں وسعت میں گہری دلچسپی رکھتی ہے جس سے موبائل فونز کی تیاری کے بعد پاکستان سے ان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔