پاکستان

پنجاب میں ایڈمنسٹریٹرز کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری، میئرز اور چیئرمینوں کو بھی اختیارات مل گئے

لاہور(کھوج نیوز) پنجاب کے 229 بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹرز کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد محکمہ بلدیات اورمحکمہ قانون کی طرف سے ایڈمنسٹریٹرز کی ذمہ داریوں کے حوالے نیا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔جس کے مطابق پنجاب کی واحد میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کا ایڈمنسٹریٹر کا عہدہ ڈپٹی کمشنر جبکہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کی میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹرز متعلقہ کمشنرز ہونگے۔میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹر سینئر جبکہ ایم سی ایل جونیئر آفیسر کے حوالے کردی گئی ہے۔ایڈمنسٹریٹرز کو میئرز، ڈپٹی میئرز،چیئرمین اور وائس چیئرمین کے اختیارات بھی سونپ دیئے گئے ہیں جو منتخب بلدیاتی نمائندوں کی عدم موجودگی میں ان کی ذمہ داریاں اور اختیارات استعمال کریں گے۔محکمہ قانون نے یکم نومبر 2019 اور17 جنوری 2023 کے نوٹیفکیشن منسوخ کردیئے ہیں۔پنجاب میں جن بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹرز کا ازسر نو گزٹ نوٹیفکیشن کیا گیا ہے وہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت قائم ہیں۔گزٹ نوٹیفکیشن پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت کیا گیا ہے جس کو تبدیل کرنے کے لئے وزیر اعلٰی پنجاب نے وزیر بلدیات کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے رکھی ہے۔گزٹ نوٹفکیشن کے مطابق پنجاب کی 35 ضلع کونسلوں کے ایڈمنسٹریٹرز ڈپٹی کمشنرز ہونگے جو چیئرمین کے بھی اختیارات انجوائے کریں گے۔میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کے ایڈمنسٹریٹر کی زمہ داری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو تفویض کی گئی ہے۔

میونسپل کارپوریشن مری کی ایڈمنسٹریشن کی زمہ داری ڈپٹی کمشنر کو دے دی گئی ہے۔میونسپل کمیٹی ضلعی ہیڈکوارٹر کی ذمہ داری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل کے سپرد کی گئی ہے۔تحصیل سطح کی میونسپل کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹرز اسسٹنٹ کمشنرز ہونگے۔پنجاب کی 4015یونین کونسلوں کے ایڈمنسٹریٹر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ہونگے جو تحصیل سطح پر تعینات ہیں۔پنجاب حکومت نے گورنر کی منظوری کے بعد باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن کا اجراء کردیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button