پی ٹی آئی رہنماء صنم جاوید اور عالیہ حمزہ ضمانت کے بعد دوبارہ گرفتار
پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی عدالت میں طلبی کیلئے درخواست انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر کی ہے
اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنماء صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو ضمانت ملنے کے بعد ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا ہے پولیس نے انہیں عدالت کے باہر گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی خواتین رہنماء صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو کمرمشانی میانوالی پولیس اسٹیشن کو جلانے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیاہے۔پولیس نے دونوں خواتین کی عدالت میں طلبی کیلئے درخواست انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر کی ہے۔ عالیہ حمزہ اورصنم جاوید کو راہداری ریمانڈ کیلئے آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان کے جلاو گھیراو کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید اور رہنما پی ٹی آئی عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کی تھی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے درخواست ضمانت پر سماعت کی تھی۔ صنم جاوید کی جانب سے شکیل پاشا ایڈووکیٹ اور رانا عبد المعروف خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے تھے۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ پر تھانہ شادمان کو نذر آتش کرنے کا الزام تھا۔ جس مقدمے میں اب گرفتار کیا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی ضمانت منظور کر لی تھی۔ 23 مارچ کو عدالت نے تھانہ شادمان کو نذر آتش کرنے کے کیس میں صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت پر 27 مارچ کو حتمی دلائل طلب کر لئے تھے۔