پی ٹی آئی کا پلان بی، الیکشن کمیشن کے لئے درد سر بن گیا
پی ٹی آئی نے پلان بی کے تحت اپنے امیدواروں کو پاکستان تحریک انصاف نظریاتی سے ٹکٹ جاری کیں ، امیدواروں سے نظریاتی گروپ کی ٹکٹیں چھینی جا رہی ہیں
اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا پلان بی الیکشن کمیشن کے لئے درد سر بن گیا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے آراوز کو نیا حکمنامہ بھی جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے پلان بی کے خلاف الیکشن کمیشن نے حکم نامہ جاری کردیا۔ آر اوز کو پی ٹی آئی امیدواروں سے پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹ قبول نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر دعوے کیے جا رہے ہیں کہ پی ٹی آئی امیدواروں سے نظریاتی گروپ کی ٹکٹیں چھینی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی نے پلان بی کے تحت اپنے امیدواروں کو پاکستان تحریک انصاف نظریاتی سے ٹکٹ جاری کیے ہیں جنہیں جمع کرانے کا سلسلہ ہفتہ کو شروع کیا گیا۔ اس پر الیکشن کمیشن نے حکم جاری کیا کہ الیکشن کمیشن کودھوکا دیکرقانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے آراوزایسے کسی امیدوار کو دوسرا انتخابی نشان نہ دیں۔
الیکشن کمیشن نے حکم جاری کیا کہ اکثرامیدواروں کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں الیکشن کمیشن کودھوکا دیا جارہا ہے اور قانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیاکہ کوئی انتخابی نشان کسی دوسرے پارٹی کے امیدوارکونہ دیاجائیجوامیدوار کسی اورجماعت کا ممبرہواوردوسری جماعت کا نشان مانگے وہ نہ دیاجائے آراوزایسے کسی امیدوار کو دوسرا انتخابی نشان نہ دیں، الیکشن ایکٹ کے تحت امیدوار اپنی پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ دیتا ہے ایک شخص ایک وقت میں ایک سے زیادہ پارٹی کا رکن نہیں ہوسکتا۔ تحریک انصاف نے تمام قومی وصوبائی امیدواروں کوپاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس جاری کیے ۔ پی ٹی آئی کیجانب سے جاری اعلامیے میں ہدایت کی گئی کہ تمام امیدواران تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس آراوزاورڈی آروزکے دفاترمیں جمع کرائیں۔