پاکستان

پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی چیئرمین سینیٹ سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف

کمیٹی نے پارلیمنٹ میں واپسی کیلئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی مدد مانگ لی ، آپ ثالث اور سہولت کار ہیں حکومت کو منائیں ہمیں قومی اسمبلی واپس آنے دیں

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر، آن لائن ) پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی چیئرمین سینیٹ سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف ‘تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں واپسی کیلئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی مدد مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے فورم سے حکومت سے مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں بعض امور پر اتفاق بھی ہوا ہے صادق سنجرانی نے تحریک انصاف کی درخواست حکومتی کمیٹی کے سربراہ اسحاق ڈار تک پہنچا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے تین خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف ہوا ہے ۔شاہ محمود قریشی ،فواد چوہدری اور علی ظفر کی یہ ملاقاتیں مذاکرات کے بعد ہوئیں،ذرائع نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی رہنمائوں نے چیئرمین سینیٹ سے پارلیمنٹ میں واپسی کا راستہ نکالنے کی درخواست کی اور کہا کہ آپ ثالث اور سہولت کار ہیں حکومت کو منائیں ہمیں قومی اسمبلی واپس آنے دیں۔ ہم حکومت کا بجٹ پاس کروانے میں بھی تعاون کرینگے ، کمیٹی اراکین کا موقف تھا کہ پارلیمنٹ سے واپسی کی صورت میں ہمارے لیے مذاکرات کرنا آسان ہوگا ،پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کرکے مذاکرات کیے جائیں تو ہمارے لیے بھی آسانی ہوگی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کے اندر بیٹھ کر قبل از وقت انتخابات کی تاریخ پر بھی اتفاق کریں،ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں بعض امور پر یکسانیت ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے تحریک انصاف کی درخواست حکومت تک پہنچا دی ہے اور صادق سنجرانی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی وطن واپسی پر اتحادیوں سے مل کر اس کا جواب دینگے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button