پاکستان

کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آتشزدگی ،7افراد جاں بحق’ متعدد افراد زخمی

جاں بحق ہونیوالوں میں ایک خاتون اور تین بچے بھی شامل،ایک لاش ناقابل شناخت ہے' وزارت ریلوے کا بوگی میں آگ لگنے کے واقعے کا سخت نوٹس

خیرپور(نمائندہ کھوج نیوز، آن لائن)ٹنڈو مستی اور خیرپور کے درمیان کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی نمبر 17 میں آتشزدگی کے باعث خاتون اور 3 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریلوے حکام کے مطابق 26 اور 27 اپریل کی درمیانی شب ساڑھے 12 بجے کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی ایئرکنڈیشنڈ بزنس کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری طور پر گاڑی کو ٹنڈو مستی خان اسٹیشن کے قریب روک لیا گیا۔

ہنگامی طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی جس کی پہلی گاڑی رات ایک بج کر 50 منٹ تک موقع پر پہنچی اور تقریبا 40 منٹ کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ڈی سی او ریلوے محسن سیال کے مطابق 70 سالہ خاتون رابعہ بی بی نے جان بچانے کے لیے متاثرہ بوگی سے چھلانگ لگادی تھی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوئیں اور بعدازاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسیں۔وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق ایک شخص بوگی کے اندر ہی جھلس کر جاں بحق ہوا جس کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی، ان کے علاوہ مرنے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ڈی ایس سکھر، ڈی سی او سکھر اور دیگر ریلوے افسران موقع پر موجود رہے اور صورتحال کی نگرانی اور وزارت میں رپورٹ کرتے رہے۔کراچی ایکسپریس سے متاثرہ کوچ کو علیحدہ کرنے کے بعد صبح پونے 7 بجے جانب منزل روانہ کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ وزارت ریلوے نے بوگی میں آگ لگنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق اس ضمن میں فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کی سربراہی میں ٹیم جائے وقوعہ پہنچی جس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی وجوہات سے میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button