پاکستان

کرپشن کا ثبوت لائو نہیں تو منہ بند رکھا جائے’ شہباز شریف بول پڑے

روسی تیل کی آمد سے رجیم چینج کے دعویداروں کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا، روس سے آنیوالا تیل عالمی منڈی کے مقابلے میں 15 ڈالر سستا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قیامت تک کسی کو شہدا کی بیحرمتی کی جرات نہیں ہو گی، جھوٹے خط لہرانے اور منتخب حکومت کو امپورٹڈ کہنے سے کچھ نہیں ہوتا، روسی تیل کی اّمد سے رجیم چینج کے دعویداروں کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا، 9 مہینے قوم کا وقت برباد کیا گیا، قوم کے اندر زہر گھولا گیا ،روس سے آنیوالا تیل عالمی منڈی کے مقابلے میں 15 ڈالر سستا ہے ،کسی ملک میں سیاسی استحکام آنے تک معاشی استحکام نہیں آسکتا ، اسلام آباد میں سیونتھ ایونیو اوورہیڈ برج منصوبے اور کیپٹن کرنل شہید خان روڈ (سابق آئی جے پی روڈ) کی ازسر نو تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج خوشی کا موقع ہے کہ ایک ایسا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا جو گزشتہ حکومت کے دور میں سست روی کا شکار رہا۔ اس منصوبے کو آئی جی پی روڈ کہا جاتا تھا، آج اس کا نام کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے نام پر رکھ دیا گیا ہے، وہی قومیں سر فخر سے بلند کرکے چلتی ہیں جو اپنے اسلاف، اپنے شہدا کو یاد رکھیں اور غازیوں کا احترام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہدا اور غازیوں کو بھول جانے والی قومیں اپنا نام زندہ نہیں رکھ سکتیں، 9 مئی کے واقعے نے 22 کروڑ عوام کو شرمندہ کیا اور پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا، یہ کام صرف ملک دشمنوں کا ہوسکتا ہے، آج یہ منصبوبہ کرنل شیر خان شہید خان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے کیونکہ پوری قوم کو یہ بتانا مقصود ہے کہ ہم نے اپنے شہدا کو یاد رکھا ہے اور قیامت تک کوئی 9 مئی جیسا واقعہ دہرانے کی سوچ نہیں سکے گا۔انہوں نے کہا کہ دیگر تاخیر کا شکار منصوبوں کو بھی جولائی تک مکمل کرلیا جائیگا، بجلے سے چلنے والی بسیں 15 جولائی کو پہنچ جائیں گی، 3 روٹس پر اس وقت بسیں چل رہی ہیں، یہ سارے کام تب ہی ہوتے ہیں جب ملک کی خدمت کی تڑپ ہو، جھوٹے خط لہرانے اور منتخب حکومت کو امپورٹڈ کہنے سے کچھ نہیں ہوتا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رجیم چینج کے جھوٹے دعویداروں کا پروپیگنڈہ آج بے نقاب ہو گیا، سازشی شخص عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ہم وہ روس کے ساتھ تجارت کررہے تھے لیکن امریکا نے سازش کرکے یہ حکومت بنوادی، یہ محض جھوٹا پروپگینڈا تھا، آج روس سے خام تیل کا 45 ہزار ٹن کا جہاز کراچی پہنچ چکا ہے اور آف لوڈ کیا جارہا ہے، اس کے بعد کسی کو کچھ کہنے کی ضرورت ہے؟انہوں نے کہا 8، 9 مہینے قوم کا وقت برباد کیا گیا، قوم کے اندر زہر گھولا گیا حالانکہ انہوں نے تو روس سے ایک دھیلے کی چیز بھی نہیں منگوائی تھی، ہم نے روس کے ساتھ جنوری میں ہی یہ معاہدہ کرلیا تھا، اس کی خصوصیت یہ ہے کہ روسی تیل کی قیمت عالمی سطح پر تیل کی قیمت سے کم ہے، یورپی یونین نے کہا تھا کہ اگر روس 60 ڈالر یا اس سے کم پر تیل بیچے گا تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، ہم نے اسی قیمت پر روس سے تیل منگوایا ہے، یہ عالمی منڈیوں سے 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسی ملک میں سیاسی استحکام آنے تک معاشی استحکام نہیں آسکتا، معاشی استحکام نہیں ہوگا تو سیاسی استحکام نہیں ہوگا، ان دونوں چیزوں کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، گزشتہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا اور آئی ایم ایف کے سامنے ہماری قدر میں کمی کردی، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ خود معاہدہ کرکے توڑا اس کا ہمیں بیپناہ نقصان پہنچا، ہم دن رات کوشش کررہے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوجائے، ان کی تمام شرائط من و عن منظور کرلی ہیں، دعا ہے یہ مرحلہ عبور کرنے میں ہم کامیاب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو میرے سمیت کسی سرکاری عہدیدار یا سرکاری محکمے میں کرپشن کی شکایت ہے تو وہ ثبوت لے کر آجائے، اس کی تحقیق کروانا میری ذمہ داری ہے، اگر ثبوت نہیں ہیں تو جھوٹ سے پرہیز کیا جائے اور منہ بند رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کے لیے پچھلے بجٹ میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ کے لیے اعلان کیا تھا جو جولائی میں تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد یر ہونہار بچوں کو دیئے جائیں گے اس پر کسی قسم کی کوئی سفارش نہیں چلے گی جبکہ اگلے سال بھی لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان بچوں کے لیے ہم نے قرضے اور وضائف بھی رکھے ہیں جبکہ ہم انہیں ہنرمند بنائیں گے۔ نوجوان نسل پاکستان کو دوبارہ ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے اور تباہ کرنے کی پوری کوشش کی گئی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button