کون بنے گا گورنر پنجاب؟ پیپلز پارٹی کے 3 امیدواروں کے نام فائنل
گورنر پنجاب کے لیے مخدوم احمد محمود، قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن کے نام زیرِ غور ہیں۔
اسلام آباد(کھوج نیوز)کون بنے گا گورنر پنجاب؟ پیپلز پارٹی کے 3 امیدواروں کے نام فائنل،رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے گورنر پنجاب کے لیے 3 نام چن لیے۔ ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کے لیے مخدوم احمد محمود، قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن کے نام زیرِ غور ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدوم احمد محمود پارٹی قیادت کی پہلی ترجیح ہوں گے اور وہ مسلم لیگ ن کے لیے بھی قابلِ قبول ہوں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت نے گزشتہ روز وفاق میں حکومت سازی اور پاور شیئرنگ کا فارمولہ بتادیا تھا۔ اسلام آباد میں زرداری ہاؤس میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی۔
نیوز کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ شہباز شریف ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم بنیں گے جبکہ صدر مملکت کے لیے آصف علی زرداری ہمارے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔