پاکستان

ہوشیار خبردار! ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی

مون سون ہوائیں آج ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو نگی ،کل رات تک شدت اختیار کریں گی،ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب

لاہور (سپیشل رپورٹر، آن لائن) ہوشیار خبردار! ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی جس کے بعد گرمی سے ستائے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عمران قریشی نے کہا ہے کہ مون سون ہوائیں 18 جولائی کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونگی جو کہ 19 جولائی رات تک شدت اختیار کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ 18 جولائی (رات) سے 23 جولائی کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات ، قصور ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، میانوالی ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، بہاولنگر اوکاڑہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ 19 جولائی سے 21 جولائی کے دوران ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، راجن پور، بھکر، لیہ، کوٹ ادو اور رحیم یار خان میں بھی بارش کا امکان ہے اور اسی دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 سے 22 جولائی کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ مری، گلیات کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے جاری کردہ احتیاطی تدابیر بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں اور سیاح بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے محتاط رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں جبکہ شہری بارش کے دوران دریاؤں اور نہروں میں نہانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران یا بھیگے کپڑوں میں بجلی کے کھمبوں ،تاروں اور برقی آلات کو چھونے سے گریز کریں اور اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر اپنے انتظامات مکمل رکھیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریاں مکمل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال یا اپنے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button