پاکستان

باجوڑ؛ خودکش حملہ، جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی

دھماکا خیبر ایجنسی میں واقع علاقے خار کے دبئی موڑ کے قریب ہوا جہاں جے یو آئی کا جلسہ جاری تھا

کے پی کے(وہیب ڈیسک) خیبر ایجنسی کے علاقے باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں شہید افراد کی تعداد 46 ہوگئی جب کہ 150 سے زائد زخمی ہیں۔ دھماکا خیبر ایجنسی میں واقع علاقے خار کے دبئی موڑ کے قریب ہوا جہاں جے یو آئی کا جلسہ جاری تھا، دھماکے اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے تصدیق کی کہ باجوڑ دھماکا خود کش تھا جس کے لیے حملہ آور پہلے سے آکر بیٹھا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا نے ابتدائی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطاب کے دوران حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقوعہ سے جیو فینسنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا ڈی پی او باجوڑ نذیر خان نے بھی تصدیق کی ہے کہ حملہ خودکش تھا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باجوڑ سعد خان نے تصیدیق کی کہ جے یو آئی تحصیل خار کے امیر مولانا ضیاء اللہ جان بھی جاں بحق ہوگئے۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کی مرکزی قیادت نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے انصار الاسلام کے کارکنوں سے زخمیوں کے لیے خون دینے کے لیے فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ معاملات کی نگرانی کے لیے آئی جی ایف سی میجر جرنل نور ولی باجوڑ پہنچے اور انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ دوسری جانب واقعہ کے بعد پشاور میں سی ایم ایچ اور ایل آر ایچ کو الرٹ کر دیا گیا۔

پاک فوج کے ہیلی کاپٹر نے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمیوں کے ساتھ تعاون کرے گی جبکہ واقعہ میں سیکیورٹی غفلت اور اجازت نامہ پر بھی غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائے گی، ہم اس وقت مریضوں کو سہولیات مہیا کرنے میں مصروف ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button