پاکستان

باجوڑ دھماکےمیں ہلاکتیں ،مولانا فضل الرحمان کا بڑا اعلان سامنے آگیا

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ میں جے یو آئی کے جلسے میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے

خیبر پختونخوا(ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ میں جے یو آئی کے جلسے میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔ اور وزیراعظم و وزیراعلیٰ کے پی سے واقعہ کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکنان پر امن رہیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں زخمیوں کو بہترین طبی علاج معالجہ فراہم کریں۔

سربراہ جے یو آئی نے دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ایک پُرامن جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ پُرامن سیاسی جدوجہد کا راستہ اپنایا، دھماکے میں کارکنوں کی شہادت کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعتی کارکنان ہمارا قیمتی نظریاتی اثاثہ ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ عبدالغفور حیدری نے انصارالاسلام کے رضاکاروں کو خون دینے کے لیے اسپتال پہنچنے کی ہدایت بھی کی۔

یہ حملہ جہاد نہیں دہشتگردی ہے، حافظ حمداللہ

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ یہ حملہ جہاد نہیں فساد اور دہشتگردی ہے، ورکرز کنونشن میں مجھے بھی شریک ہونا تھا مگر مصروفیت کے باعث نہ جا سکا، حملے کی ریاستی سطح پر انکوائری ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے جلسے کے دوران دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 40 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button