صدرعلوی الیکشن کی تاریخ دیکرکیا چاہتےہیں ؟مسلم لیگ ن نےخدشہ ظاہرکردیا
چار سال ملک کے ساتھ معاشی اور ریاستی دہشت گردی کرنے والے 16 ماہ کے معاشی سیاسی اور خارجی پالیسی کےاستحکام کے خلاف سازش کرنے والے ہیں

اسلام آباد(کھوج نیوز)صدرعلوی الیکشن کی تاریخ دیکرکیا چاہتےہیں ؟مسلم لیگ ن نےخدشہ ظاہرکردیا پاکستان مسلم لیگ ( ن ) نےکہا ہےکہ صدر عارف علوی الیکشن کی تاریخ دے کر معاشی، سیاسی اور آئینی بحران اور غیریقینی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنےبیان میں کہا ہے کہ چارسال میں معیشت کو تباہ اورملک کو ڈیفالٹ کرنےوالوں کا کٹھ پتلی ملک میں ایک نیا آئینی بحران پیدا کرنے پرتلا ہےجس کا انہیں کوئی اختیار ہے نہ ہی سیاسی و اخلاقی جوازحاصل ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار سال ملک کے ساتھ معاشی اور ریاستی دہشت گردی کرنے والے 16 ماہ کے معاشی سیاسی اور خارجی پالیسی کےاستحکام کے خلاف سازش کرنے والے ہیں، ملک میں امن اور استحکام جیل میں بیٹھے ریاستی اور معاشی دہشت گرد سے برداشت نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ آئینی منصب کی آڑ میں ایک اور 9 مئی کی تیاری دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے پٹرول بم، شہدا اور قومی یادگاروں کی بے حرمتی، انارکی اور 9 مئی کی سازشوں کے وار کیے، مگر ملک میں افراتفری اور فساد کی یہ سازش بھی ان شاءاللہ ناکام ہو گی۔
دریں اثنا ڈپٹی سیکریٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی حالت بہتر اور ڈالر کی قیمت کم ہورہی ہے، جب بھی ملک کی حالت بہتر ہوتی ہے تو پی ٹی آئی ملک کو غیر مستحکم کرتی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ پہلے بھی صدر نے قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس بھیج کر اور عدم اعتماد کے باوجود اسمبلی تحلیل کر کے غیر آئینی کام کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عارف علوی9 ستمبر کے بعد صدر مملکت نہیں رہے، وہ صرف عبوری صدر ہیں اور کوئی عبوری صدر الیکشن کی تاریخ کیسے دے گا۔
ڈپٹی سیکریٹری مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ اہم فیصلہ سازی میں اب صدر کا کوئی کردار نہیں رہا، وزارت قانون نے ان کو جواب دے دیا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔