پاکستان

اٹک جیل میں قید عمران خان کو بڑا ریلیف مل گیا

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو پاکستان تحریک انصاف چیئر مین عمران خان کی 15 ستمبر تک ان کے بچوں سے بات کرانے کا حکم دے دیا

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) سائفر کیس میں سزا کاٹنے والے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اٹک جیل میں بڑا ریلیف دے دیا گیا

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کے کیس کی سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیراز احمد رانجھا سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے روبرو پیش ہوئے۔عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کی ان کے بچوں سے ٹیلی فون پر بات نہیں کرائی گئی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بچوں سے ملاقات کا حکم دیا تھا۔

چیئر مین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل نے کہا کہ ملزم آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت گرفتار ہے اس لیے ٹیلی فون یا واٹس ایپ پر بات نہیں کروائی جا سکتی۔سپرنٹنڈنٹ نے کہا ملزم سے بیرونِ ملک بیٹھے بچوں سے ٹیلی فون پر بات نہیں کرواسکتے۔ سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریٹنڈٹ اٹک جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت فون پر بات کروانے میں کوئی قدغن نہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بچوں سے ٹیلی فون، وٹس ایپ کے ذریعے بات کرانے کا حکم دیا جائے۔ خصوصی عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ 15 ستمبر تک پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی بیٹوں سے بات کرانے کے حکم پر عمل کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button