ایک سال میں مزید کتنے کروڑ پاکستانی غریب ہوئے؟ چونکا دینے والی رپورٹ آگئی
صرف 1 سال میں مزید سوا کروڑ پاکستانی غریب ہو گئے، ملک میں غربت کے شکار افراد کی تعداد ساڑھے 9 کروڑ ہو گئی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) ایک سال میں مزید کتنے کروڑ پاکستانی غربت کی دلدل میں دھنس گئے؟ چونکا دینے والی رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے انکشاف کیا ہے کہ ساڑھے 9 کروڑ پاکستانی اس وقت غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ عالمی بینک نے جمعے کو یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان میں گزشتہ مالی سال غربت بڑھ کر 39.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے، خراب معاشی حالات کی وجہ سے مزید سوا کروڑ افراد غربت کے جال میں پھنس گئے، تقریبا ساڑھے 9 کروڑ پاکستانی اس وقت غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
واشنگٹن میں قائم عالمی بینک نے پاکستان کی اگلی حکومت کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے تیار کردہ پالیسی کے مسودہ کا اجرا کیا ہے جس میں کم انسانی ترقی، غیر پائیدار مالیاتی صورتحال،زراعت، توانائی اور نجی شعبہ جات کو ضابطے میں لانا اور ان شعبوں میں اصلاحات آئندہ حکومت کے لئے ترجیحی قرار دیے گئے ہیں۔ جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس میں فوری طور پر 5 فیصد اضافہ کرنے اور اخراجات کو جی ڈی پی کے تقریبا 2.7 فیصد تک کم کرنے کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جس کا مقصد غیر پائیدار معیشت کو ایک محتاط مالیاتی راستے پر ڈالنا ہے تاہم یہ اقدامات زیادہ تر ان شعبوں میں تجویز کیے گئے ہیں جنہیں پاکستان میں مقدس گائے سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان سے متعلق عالمی بینک کے ماہر اقتصادیات توبیاس حق نے پالیسی مسودے کے اجرا کے موقع پر کہا کہ ورلڈ بینک کو پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال پر گہری تشویش ہے، پاکستان کو سنگین معاشی اور انسانی ترقی کے بحرانوں کا سامنا ہے،پاکستان اس وقت ایک ایسے موڑ پر ہے جہاں اسے پالیسی میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔