انوار الحق کاکڑ کا لندن پہنچتے ہی بڑا یوٹرن، الیکشن عمران خان کے بغیر کروانے کا اعلان
پی ٹی آئی میں شامل ہزاروں افراد جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے: انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان یا جیل کاٹنے والے پارٹی کے سینکڑوں ارکان کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ جیل کاٹنے والے پی ٹی آئی ارکان توڑ پھوڑ اور جلا ؤگھیراؤ کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے ، پی ٹی آئی میں شامل ہزاروں افراد جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔ نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فوج سے قریبی تعلق کی بات سیاست کا حصہ ہے، اس پر توجہ نہیں دیتا، فوج اور وفاقی حکومت کے درمیان تعلق بہت ہموار،کھلا اور شفاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سول ملٹری تعلقات کے چیلنج کا سامنا رہتا ہے جس سے انکار نہیں، سول ملٹری تعلقات کے چیلنجز کی مختلف وجوہات ہیں،کئی دہائیوں کے دوران سول اداروں کی کارکردگی خراب ہوئی ہے، اس کا حل سویلین اداروں کی کارکردگی کو بتدریج بہتر بنانا ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوجی تعینات کر رکھے ہیں، کشمیری بھارت کی بنائی ہوئی بڑی جیل میں رہ رہے ہیں، کشمیریوں کے پاس کوئی سیاسی حق نہیں ہے، دنیاکی توجہ یوکرین پر ہے لیکن ایک تنازع کشمیر بھی ہے، کشمیر اگریورپ یا امریکا میں ہوتا تو کیا تب بھی اس کے حل کے لیے ایسا ہی بے حس رویہ ہوتا؟ اس تنازع کے اہم کردار کشمیری عوام ہیں، کشمیری عوام کو اپنی شناخت و مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔