ملک میں مایوسی پھیلانے والوں کو عوامی حمایت سے شکست دیں گے: آرمی چیف

راولپنڈی (کھوج نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ذاتی مقاصد کے لیے ملک میں مایوسی پھیلانے والوں کو عوامی حمایت سے شکست دی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی صدارت میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 82 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی داخلی اور خارجی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فورم نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
کانفرنس میں فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔



