پاکستان

الیکشن 8فروری کو ہوں گے یا نہیں؟ زرداری نے بڑی پیشگوئی کر دی

اسلام آباد(کھوج نیوز) سابق صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات 8 فروری سے آگے جا سکتے ہیں، یہ الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ الیکشن کے بعد میں وزیراعظم بنوں گا یا بلاول یہ وقت بتائے گا۔

تفصیلات کے مطابق آصف زرداری نے کہاکہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، 30 سال میں جس لاڈلے کو بنایا گیا وہ اب جیل میں ہے، اس کم ظرف کو اقتدار دے کر ملک کا بیڑا غرق کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ جس جماعت کی بھی حکومت آئے میثاق معیشت ہونا چاہیے، ہم نے عمران خان کو بھی یہ آفر کی تھی مگر وہ ایسا شخص ہے کہ اسمبلی میں کسی سے ہاتھ ملانے کے لیے تیار نہیں ہوتا تھا۔ آصف زرداری نے کہاکہ اگر ہم عمران خان کو نہ ہٹاتے تو پاکستان ڈیفالٹ کر چکا ہوتا اور ہم شدید مشکلات کا شکار ہوتے۔

انہوں نے کہاکہ ذوالفقار بھٹو قتل کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے پر چیف جسٹس فائز عیسیٰ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ قائد عوام کا عدالتی قتل ہوا تھا ان کو انصاف ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان افغان باشندوں کی حمایت اپنے فائدے کے لیے کر رہا ہے، افغان ہمارے بھائی ہیں۔ میں افغانستان اور افغان باشندوں کا احترام کرتا ہوں مگر اس نے تو ان کو جعلی شناختی کارڈ بنا کر دیے۔ خیبرپختونخوا میں افغان باشندوں کے نام ووٹر فہرستوں میں ہیں۔

آصف زرداری نے کہاکہ پاکستان کے تمام سیاستدان پیپلزپارٹی کی نرسری سے نکلے ہوئے ہیں، پیپلزپارٹی سے گئے ہوئے لوگوں نے اپنی اپنی پارٹیاں بنائیں، یہ تو ہوتا رہتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button