بجٹ کی منظوری،وزیراعظم شہبازشریف اور بلاول بھٹو کے درمیان رابطہ ہوگیا
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا مسلسل رابطے میں ہیں۔

اسلام آباد(کھوج نیوز)بجٹ کی منظوری،وزیراعظم شہبازشریف اور بلاول بھٹو کے درمیان رابطہ ہوگیا،رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت میں بجٹ منظوری کے لیے رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا مسلسل رابطے میں ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے سلیم مانڈوی والا کو عید سے قبل دو سے زیادہ بار اعتماد میں لیا، وزیرخزانہ پُرامید ہیں کہ پیپلز پارٹی بجٹ منظوری میں حکومت کا ساتھ دے گی۔ دوسری جانب وزیرِ اعظم شہبازشریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات کچھ ہی دیرتک متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری وفاقی بجٹ پر اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے، پیپلز پارٹی پی ڈی ایم حکومت میں وعدے پورے نہ ہونے پر بھی شاکی ہے۔ ترقیاتی پروگرام میں رکھے گئے فنڈ سندھ کو نہ ملنے کا بھی شکوہ کیا جائے گا اور کابینہ میں پیپلز پارٹی کی شمولیت پر بات کا بھی امکان ہے۔ پنجاب میں پاور شیئرنگ پر بھی بات چیت کا امکان ہے، بلاول بھٹو مختلف اداروں کی نجکاری پر بھی تحفظات رکھتے ہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو کو بجٹ پر اعتماد میں لیں گے۔



