رواں مالی سال کا آغاز، کون کون سی اشیاء کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟ رپورٹ آگئی
موبائل فون، آٹا، ڈبل روٹی، دودھ، مکھن، کریم، امپورٹڈ میک اپ، پرفیوم، گھڑیاں، مچھلی، شہد، کھجور، سیب، لیچی، مکئی، اوور کوٹ سمیت مختلف امپورٹڈ اشیاپر ٹیکس بڑھایا گیا ہے

اسلام آباد(کھوج نیوز) رواں مالی سال کا آغاز، کون کون سی اشیاء کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوگا ؟ اس حوالے سے حیران کن رپورٹ سامنے آنے کے بعد عوام میں ایک نئی ہلچل مچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے مختلف اشیا پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس جبکہ دیگر پر 10 سے 50 فیصد تک فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی ہے، جس کی زد میں موبائل فون، آٹا، ڈبل روٹی، دودھ، مکھن، کریم، امپورٹڈ میک اپ، پرفیوم، گھڑیاں، مچھلی، شہد، کھجور، سیب، لیچی، مکئی، اوور کوٹ، جیکٹس، کپڑے، ٹریک سوٹ، رومال، مفلر، ٹائی، جوتے سمیت مختلف امپورٹڈ اشیا آگئی ہیں۔
بجٹ میں موبائل فون پر 18 سے 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہونے سے 50 ہزار روپے مالیت کے اسمارٹ فون کی قیمت میں 8 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے جبکہ مہنگے اسمارٹ فونز کی قیمتوں میں 25 سے 30 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح بچوں کے خشک دودھ کی قیمت میں 300 روپے فی پیک جبکہ پیکج دودھ ٹیٹرا پیک کی فی کلو قیمت میں 50 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ مینوفیکچررز پر 2.5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے سے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 50 روپے بڑھ گئی ہے، اس کے علاوہ ڈبل روٹی کی قیمت میں 10 روپے جبکہ بن، شیرمال اور دیگر بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں 5 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں بیشتر دالیں امپورٹ کی جاتی ہیں، امپورٹڈ اشیا پر نئے ٹیکس کے نفاذ کے بعد چاول اور دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، چاول کے 25 کلو بیگ کی قیمت میں 800 سے 1000 روپے جبکہ دالوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا ہے۔
بجٹ میں امپورٹڈ اشیا پر 5 فیصد سے لیکر 55 فیصد تک ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے، زندہ مچھلی کی درآمد پر 10 فیصد، فروزن فِش پر 35 فیصد، دودھ اور کریم پر 25 فیصد، دہی، مکھن، نٹس پر 20 فیصد، اور قدرتی شہد پر 30 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔ بجٹ میں امپورٹڈ کھجوروں، انجیر، پائن ایپل، امرود، آم پر 25 فیصد، چیری پر 35 فیصد، سیب اور لیچی پر 45 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جس سے پھلوں اور ڈرائی فروٹ بھی مزید مہنگے ہو گئے ہیں۔ بجٹ میں خواتین اور مردوں کے امپورٹڈ کپڑوں پر بھی ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے، مردوں اور خواتین کے لیے امپورٹڈ اوور کوٹ، جیکٹس، ٹرازرز اور شارٹس، واٹر پروف جوتے، لیدر جوتے، ٹریک سوٹ، رومال، شال، مفلرز، ویلز، ٹائی، کمبلز پر 10 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔
دوسری جانب سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 2 فیصد سے بڑھا کر 4 فیصد کر دی گئی ہے جس سے سیمنٹ کی بوری کی قیمت 120 روپے اضافے کے بعد 1400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ بجٹ میں 657 امپورٹڈ اشیا پر بھی ڈیوٹی بڑھا دی گئی ہے، خواتین کے میک اپ کا امپورٹڈ سامان، نقلی بال کلپ اور بالوں کی دیگر اشیا پر ڈیوٹی 40 فیصد کر دی گئی ہے امپورٹڈ جیولری پر 45 فیصد، امپورٹڈ پرفیوم اور اسپرے پر ڈیوٹی 20 فیصد، امپورٹڈ گھڑیوں اسٹاپ واچ اور پاکٹس واچ، امپورٹڈ سن گلاسز پر ڈیوٹی 30 فیصد کر دی گئی ہے، جس سے ان اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔