تمام اراکین نے پی ٹی آئی کو اپنے وابستگی کے بیان حلفی پہنچا دیے،اسد قیصر کا دعویٰ
۔ اسد قیصر نے کہا کہ ان (الگ حیثیت میں الیکشن جیتنے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ) اراکین میں سے صرف 3 بیرون ملک تھے

اسلام آباد ( کھوج نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے تمام اراکین نے پی ٹی آئی کو اپنے وابستگی کے بیان حلفی پہنچا دیے ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ ان (الگ حیثیت میں الیکشن جیتنے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ) اراکین میں سے صرف 3 بیرون ملک تھے لیکن انہوں نے بھی اپنے حلف نامے پارٹی کو پہنچا دیے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات تو یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ تمام کے حلف نامے الیکشن کمیشن میں جمع کرادیے ہیں کیوں کہ عاشورے کی چھٹیاں بھی آگئی تھیں لیکن یہ بات ضرور ہے کہ تمام نے ہی اپنے حلف نامے پی ٹی آئی کے حوالے کردیے ہیں۔اسد قیصر نے بتایا کہ ان کے جو رکن اسمبلی ’اغوا‘ کئے گئے ہیں ان کا بیان حلفی بھی پی ٹی آئی کو مل چکا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر پی ٹی آئی کے ساتھ 100 فیصد اراکین نے وابستگی کے بیان حلفی دے دیے اور وہ الیکشن کمیشن کو جمع کرادیے گئے تو پھر مخصوص نششتیں ملنے کے بعد پارٹی کی اسمبلی میں کیا پوزیشن ہوگی تو سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اب مخصوص نشستوں کے ملنے کے بعد ہم اسمبلی میں 115 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارلیمانی پارٹی بن جائیں گے۔