توشہ خانہ نئے ریفرنس میں گرفتاری کا معاملہ، عمران خان اور بشریٰ بی بی کا دوٹوک جواب
عمران خان اور بشری بی بی شامل تفتیش ہوئے،گرفتاری کی ضرورت نہیں، اعلیٰ عدلیہ نے بار بار کہا ہے کہ صرف نامزد ہونے پر کسی بھی شخص کو فورا گرفتار نہ کیا جائے

اسلام آباد(کھوج نیوز) توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں گرفتاری کے معاملہ پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دو ٹوک جواب دیکر سب کو حیران کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور دیگر نیب افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان اور بشری بی بی شامل تفتیش ہوئے،گرفتاری کی ضرورت نہیں، اعلیٰ عدلیہ نے بار بار کہا ہے کہ صرف نامزد ہونے پر کسی بھی شخص کو فورا گرفتار نہ کیا جائے لہٰذا گرفتاری اعلی عدلیہ کے احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ دونوں کی گرفتاری غیرقانونی ہے، رہا کرنے کے احکامات دیئے جائیں اور آئندہ کسی بھی مقدمے میں گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات سے مشروط کی جائے جب کہ حکومتی اداروں کو عدالتی احکامات کے بغیر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی گرفتاری سے روکا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیاسی مخالفت پر وفاقی اور پنجاب حکومت عمران خان اور بشریٰ بی بی کو لمبے عرصے تک زیرحراست رکھنا چاہتے ہیں، دونوں ملزمان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست زیرسماعت ہونے کے دوران گرفتار کرنا بدنیتی کا ثبوت ہے۔