سیاسی کیسز کی بھرمار، زیر التواء عوامی مقدمات کی تعداد نے سپریم کورٹ کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیا
15 جولائی تک سپریم کورٹ میں زیرالتواء مقدمات کی تعداد 59 ہزار 64 تھی، یکم سے 15 جولائی تک 1206 مقدمات دائر ہوئے،481 کیس نمٹائے گئے

اسلام آباد(کھوج نیوز) سیاسی کیسز کی بھر مار ہونے کی وجہ سے زیر التواء عوامی مقدمات کی تعداد نے سپریم کورٹ کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیا ہے کیونکہ زیر التواء مقدمات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپریم کورٹ زیر التواء مقدمات 59 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے’ سپریم کورٹ رپورٹ کے مطابق15 جولائی تک سپریم کورٹ میں زیرالتواء مقدمات کی تعداد 59 ہزار 64 تھی، یکم سے 15 جولائی تک 1206 مقدمات دائر ہوئے،481 کیس نمٹائے گئے۔ سپریم کورٹ کی رپورٹ کے مطابق جیلوں میں موجود افراد کی اپیلوں کی تعداد 3 ہزار 295 تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 15 روز کے دوران انسانی حقوق کے کسی کیس کا فیصلہ نہیں ہوسکا، ہائی کورٹس کے فیصلوں کے خلاف 32 ہزار سے زائد اپیلیں قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کی منتظر ہیں، زیرالتوا فوجداری اپیلوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔