لاہور ڈیفنس کار حادثہ، ملزم افنان کی درخواست ضمانت منظور
اس وقوعہ کی جیو فینسنگ کرائی گئی، جن گواہوں کوشامل کیا گیا وہ موقع پر نہیں تھے،گواہ زبیر غفور نے 2 بیانات جمع کرائے، افنان کی عمر17 سال 6 مہینے بنتی تھی: ملزم وکیل

لاہور(کھوج نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے ڈیفنس کار حادثے کے ملزم افنان کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی ہے، جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس طارق ندیم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس طارق ندیم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے ڈیفنس کار حادثے کے ملزم افنان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم افنان کے وکلا نے دلائل میں کہا کہ تفتیش میں افنان کے تین دوستوں کو بیگناہ قرار دیا گیا، تفتیش میں مدعی کے لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوئے، اس وقوعہ کی جیو فینسنگ کرائی گئی، جن گواہوں کوشامل کیا گیا وہ موقع پر نہیں تھے،گواہ زبیر غفور نے 2 بیانات جمع کرائے، افنان کی عمر17 سال 6 مہینے بنتی تھی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اسے چالان میں جیونائل ڈیکلیئرکیا گیا؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ چالان میں اسے جیونائل لکھا گیا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ اگر 6 ماہ میں ٹرائل شروع نہیں ہوتا تو ضمانت دی جائے۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی فارنزک رپورٹ آنا باقی ہے، جیونائل کے لیے میڈیکل بورڈ بنایا گیا ہے، جب میڈیکل بورڈ کی رپورٹ آجائیگی تب ضمانت پر فیصلہ کرلیا جائے، جیوفینسنگ کی رپورٹ بھی واضح نہیں ہے۔ دلائل سن کر عدالت نے ملزم افنان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔



