پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری
شیر افضل مروت، عامر ڈوگر، احمد چٹھہ، زین قریشی، زبیرخان، وقاص اکرم، اویس حیدر، احد علی شاہ، نسیم علی شاہ اوریوسف خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے

اسلام آباد(کھوج نیوز) قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے گرفتار ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے ہیں جس میں شیر افضل مروت سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکرایاز صادق نے پی ٹی آئی کے 10 گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے۔ شیر افضل مروت، عامر ڈوگر، احمد چٹھہ، زین قریشی، زبیرخان، وقاص اکرم، اویس حیدر، احد علی شاہ، نسیم علی شاہ اوریوسف خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے۔ پروڈکشن آرڈر میں حکم دیا گیا ہے کہ پولیس گرفتار ممبران کو اجلاس شروع ہونے سے قبل سارجنٹ ایٹ آرمز کے پاس پہنچائے، اجلاس ختم ہونے کے بعد ارکان کوپولیس کی تحویل میں واپس دیدیا جائیگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی تصدیق کی اور کہاکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے اور تمام ارکان کل ایوان میں آئیں گے۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی نے 9 ستمبر کے واقعے کی تحقیقات کیلئے 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی جس کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری کریں گے اور کمیٹی میں جوائنٹ سیکرٹری ارشد علی، رضوان اللہ شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ کمیٹی میں قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز راجہ فرحت عباس بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کو جلد ازجلد فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ اسپیکر کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی 9 ستمبرکوپیش آئے واقعے کے محرکات، پولیس اور سکیورٹی ادارے کس کی اجازت سے پارلیمنٹ میں داخل ہوئے، انہیں اندرآنے کی اجازت کیوں دی؟ ان تمام محرکات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔